ٹیکساس اسکول فائرنگ، سبیکہ شیخ کو کراچی میں سپرد خاک کر دیا گیا

10:41 AM, 23 May, 2018

کراچی: ٹیکساس اسکول فائرنگ میں جاں بحق پاکستانی طالبہ سبیکہ شیخ کو کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں واقع عظیم پورہ قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ اس موقع پر رشتے دار، اہلِ علاقہ سمیت مختلف طبقہ فکر کے افراد اور سیاسی رہنما کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس سے قبل سبیکہ کی نمازِ جنازہ حکیم سعید گراؤنڈ یونیورسٹی روڈ پر ادا کی گئی۔ نمازِ جنازہ کی امامت وفاقی اردو یونیورسٹی کی مسجد کے مولانا حافظ اقبال نے کرائی۔ اس موقع پرپولیس اور رینجرز کی بھاری نفری گراؤنڈ میں تعینات رہی۔

مزید پڑھیں: 'تھپڑ مار کلچر تحریک انصاف کا کلچر ہے جس کے ذمہ دار عمران خان ہیں'

سبیکا عزیز شیخ کی میت ترکش ایئر لائن کی پرواز ٹی کے 708 کے ذریعے صبح 4 بجے کے قریب کراچی پہنچی۔ رہنما پی ایس پی ارتضی فاروقی اورندیم راضی نے والد عزیزشیخ اورتایا کے ساتھ سبیکا شیخ کی باڈی ریسیو کی۔ جناح انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر اے ایس ایف کے اہل کاروں نے سبیکا کی میت کو سلامی دی۔

واضح رہے کہ سبیکا گزشتہ ہفتے ٹیکساس کے اسکول سینٹا فے میں اسکول کے ہی ایک 17 سالہ سفید فام طالب علم کی اندھا دھن فائرنگ سے جاں بحق ہو گئی تھی۔ 17 سالہ سبیکا اسکالرشپ پروگرام کے تحت گزشتہ برس 21 اگست کو 10 ماہ کے لیے امریکا گئی تھی جب کہ سبیکا کو 9 جون کو وطن واپس آنا تھا۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں