لندن: برطانوی طبی ماہرین نے کہا ہے کہ گرم پانی سے غسل سے خون میں گلوکوز کی مقدار کو کم کیا جاسکتا ہے۔
برطانیہ میں لوبورو یونیورسٹی کے ماہرین نے اس بات کا جائزہ لینے کے لئے اس تجربہ کو 14 مردوں پر آزمایا۔ ان رضاکاروں کو ایک گھنٹہ گرم پانی کے ٹب میں بیٹھنے یا پھر ایک گھنٹہ سائیکل چلانے کا انتخاب دیا گیا۔ ان امور میں خیال رکھا گیا تھا کہ اندرونی جسمانی درجہ حرارت کم ازکم ایک گھنٹے تک ایک درجے سینٹی گریڈ تک بڑھا رہے۔اس کے بعد ماہرین کی ٹیم نے ہر فرد میں کیلیوریز کا استعمال اور خون میں شکر کی مقدار 24 گھنٹے کے وقفے سے نوٹ کی۔
معلوم ہوا کہ جن افراد نے ایک گھنٹے تک سائیکل چلائی انہوں نے زیادہ حرارے خرچ کیے لیکن جو ایک گھنٹے تک گرم پانی کے ٹب میں بیٹھے رہے انہوں نے نصف گھنٹے تک چہل قدمی میں صرف ہونے والی کیلوریز ختم کیں جو 140 کے لگ بھگ بنتی تھیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں عوامل میں بلڈ گلوکوز یکساں طور پر کم ہوا۔ اسی طرح نہانے والوں میں کھانے کے بعد شکر کی مقدار سائیکل چلانے والوں کے مقابلے میں 10 فیصد کم نوٹ کی گئی۔ اس کے ذریعے جسم کے اندر سوزش بھی دونوں طریقوں سے یکساں طور پر کم ہوئی۔