حیدرآباد دکن: پاکستانی نژاد آسٹریلوی بائیں ہاتھ کے بیٹسمین عثمان خواجہ بھارت میں چار ماہ کے دوران پانی ہی پلاتے رہ گئے۔ اس لیے انھیںواٹر بوائے کا خطاب مل گیا۔آسٹریلوی بیٹسمین عثمان خواجہ نے آخری میچ سڈنی میں پاکستان کے خلاف ون ڈے کی صورت میں کھیلا جس میں انھیں حسن علی نے آؤٹ کیا تھا، اس کے بعد عثمان کو دوبارہ میدان میں اترنا نصیب نہیں ہوا۔
اگرچہ وہ آسٹریلوی ٹیسٹ اسکواڈ کے ساتھ بھارت آئے مگر ٹور میچ تک میں انھیں نہیں آزمایا گیا تاہم اس دوران ان کی خدمات رائزنگ پونے سپر جائنٹ نے ایک لاکھ 95 ہزار ڈالر میں حاصل کیں، اس ٹیم کے کپتان بھی ان کے کینگرو قائد اسٹیون اسمتھ ہی تھے جنھوں نے پوری لیگ میں باہر بٹھائے رکھا اور وہ ساتھی کھلاڑیوں کو پانی ہی پلاتے رہے۔
واضح رہے کہ عثمان چیمپئنز ٹرافی اسکواڈ کا حصہ نہیں ہیں، اس لیے گھر جاکرفی الحال آرام کریں گے،ان کی مسابقتی کرکٹ میں واپسی جولائی میں ہوگی جب وہ دورئہ انگلینڈ میں چار روزہ میچز کے دوران آسٹریلیا اے کی قیادت کریں گے۔