تہران : ایران اور فرانس کے نومنتخب صدور نے جوہری معاہدے کے نفاذ اورباہمی تعاون کو بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈاکٹر حسن روحانی نے پیرکی شام اپنے فرانسیسی ہم منصب ایمانوئل میک غوںکے ساتھ ٹیلی فون پرگفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ تعلقات اور تعاون کو فروغ دینے سے خطے میں اچھی فضا قائم ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ایران، جوہری معاہدے پر قائم ہے لہذا مغربی فریق بھی اپنے وعدوں پرعمل کرے۔صدر روحانی نے ایران اور فرانس کے درمیان بینکاری، مالیاتی اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے کی راہ میں موجود رکاوٹوں کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔
ایران کے منتخب صدر نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں مشترکہ تعاون کے ذریعے خطے میں قیام امن و استحکام کو مضبوط بنانا ہوگا۔اس موقع پر فرانس کے صدر نے ڈاکٹر حسن روحانی کو دوسری مرتبہ ا ایران کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون کو مزید بڑھانے پر زور دیا۔
فرانس کے صدر نے مشرق وسطی کے مسائل، دہشتگردی کے خلاف جنگ بالخصوص شام کے بحران کے حل کے حوالے سے ایران کے اہم کردار پر زور دیا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں