پشاور: پشاور میں بھی قوم کے مسیحا مسیحائی چھوڑ کر ڈھٹائی پر اتر آئے ہیں۔ پشاور کے سب سے بڑے اسپتال لیڈی ریڈنگ، حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اور خیبر ٹیچنگ میں ینگ ڈاکٹرز نے او پی ڈی ڈیز کو تالے لگا کر ہڑتال کر دی۔ انتظامیہ اور حکومت کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرے بازی بھی کی۔ ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
لواحقین اپنے پیاروں کے علاج کے لیے در بدر کی ٹھوکریں کھانے لگے۔ ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے ہیلتھ الاؤنس، انڈومنٹ فنڈ کے اجرا اور ایم اوز ایکٹ کا خاتمہ کیا جائے۔
دوسری جانب پشاور کے تینوں اسپتالوں میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے لیے پولیس کی بھاری نفری طلب کر لی گئی ہے۔
یاد رہے رواں سال مارچ کے مہینے میں پشاور کے سب سے مصروف طبی مرکز لیڈی ریڈنگ ہسپتال میں ڈاکٹروں نے ڈاکٹر مرتضیٰ کی ہلاکت کی وجہ سے احتجاج کیا تھا اور اس موقع پر ڈاکٹروں نے احتجاجا او پی ڈی بند کر دی تھی جس سے مریضوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں