اسلام آباد: آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے یوم پاکستان کے موقع پر وزیرِاعظم شہباز شریف کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق، صدر الہام علیوف نے وزیرِاعظم پاکستان کو ایک خصوصی خط لکھا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تذویراتی شراکت داری اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان عالمی امور پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں اور ان کے درمیان برادرانہ تعلقات روز بروز مضبوط ہو رہے ہیں۔
صدر علیوف کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ وزیرِاعظم شہباز شریف کے دورہ آذربائیجان کے دوران کیے گئے معاہدے دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان اعلیٰ سطحی ملاقاتیں، تعاون اور مشترکہ کاوشیں تعلقات میں مزید استحکام کا باعث بن رہی ہیں۔
صدر آذربائیجان نے پاکستان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے وزیرِاعظم شہباز شریف کی کامیابی اور پاکستانی عوام کی خوشحالی کے لیے دعا کی۔