اسلام آباد: یوم پاکستان کے موقع پر مختلف سیاسی رہنماؤں نے قوم کو مبارکباد دی اور ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ یوم پاکستان کے دن ہم غربت میں کمی، مساوات اور کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ کا عہد کرتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہم سب مل کر ایک مضبوط اور پرامن پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں گے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ یوم پاکستان ہمیں اس بات کی یاد دلاتا ہے کہ ہم سب کو ملک کی بقا اور سلامتی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اسلامی فلاحی ریاست بنانے میں ہر شہری کو اپنا حصہ ڈالنا چاہیے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے بھی یوم پاکستان کے موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ ملک میں مربوط پالیسی اصلاحات کے ذریعے پاکستان کو ایک مضبوط معیشت بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خوشحالی کا نیا دور بہت جلد شروع ہوگا۔