اسلام آباد: یوم پاکستان کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے قوم کو مبارکباد پیش کی اور افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اس وقت سیاسی، معاشی اور سکیورٹی کے بڑے چیلنجز سے گزر رہا ہے، مگر بہادر مسلح افواج مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جانیں قربان کر رہی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے دفاع کے لیے ثابت قدم رہے گا۔ صدر نے قوم سے اپیل کی کہ وہ اپنے اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر ایک خوشحال اور پُرامن پاکستان کی تشکیل کے لیے متحد ہو جائیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ گزشتہ ایک سال میں پاکستان کی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا گیا ہے، جس سے افراط زر میں کمی آئی اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے اور ریٹنگ ایجنسیاں بھی اس تبدیلی کی معترف ہیں۔ انہوں نے وطن کی حفاظت میں جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا اور یوم پاکستان پر اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں کو یاد رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
دونوں رہنماؤں نے قوم سے درخواست کی کہ وہ دہشت گردی اور بیرونی خطرات کے خلاف متحد ہو کر مادرِ وطن کی حفاظت کریں اور پاکستان کو ایک طاقتور، ترقی یافتہ اور خوشحال ملک بنانے کے لیے اپنی تمام تر توانائیاں صرف کریں۔