مربوط پالیسی اصلاحات کے ذریعے معاشی بحالی کیلئے پرعزم ہیں،  وزیر اعظم کا یوم پاکستان پر پیغام

12:04 PM, 23 Mar, 2024

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے آبائو اجداد نے پاکستان کیلئے بے مثال قربانیاں دیں، مہنگائی، بے روزگاری، گردشی قرضے ، مالیاتی اور تجارتی خسارے اور دہشت گردی کی عفریت سمیت ملک کو درپیش چیلنجوں سے پوری طرح آگاہ ہیں، مربوط پالیسی اصلاحات کے ذریعے ملکی معاشی بحالی اور خوشحالی کیلئے پرعزم ہیں ۔ 

یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ میں اندرون اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ’’یوم پاکستان‘‘ پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، 23 مارچ ہماری تاریخ کا ایک اہم دن ہے، 1940 میں اسی دن برصغیر پاک وہند کے مسلمانوں نے تاریخی ’’قرارداد لاہور‘‘ کے ذریعے ایک علیحدہ وطن کا مطالبہ کیا جہاں وہ اسلام کے اصولوں کے مطابق آزادی سے اپنی زندگی گزار سکیں، تحریک آزادی کے رہنماؤں کی انتھک اور مسلسل سیاسی جدوجہد سے جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کے لئے ایک علیحدہ وطن کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا اور 14 اگست 1947 کو پاکستان دنیا کے نقشے پر ایک آزاد ملک کے طور پر ابھرا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں مسلمانوں نے قرارداد پاکستان کے مقصد کے لئے بے پناہ قربانیاں دیں، آج ہم یوم قرارداد پاکستان منا کر اس عظیم جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ہمیں یہ کبھی نہیں بھولنا چاہئے کہ پاکستان ایک نعمت ہے جسے ہم نے بڑی مشکل سے حاصل کیا ہے، ہمیں اپنے ملک کے لئے کام کرنے اور اسے ایک مثالی ملک بنانے کے لئے اپنی پوری توانائیاں صرف کرنی چاہئیں

خیال رہے قوم آج یوم پاکستان اس عہد کی تجدید کے ساتھ منا رہی ہے کہ ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے سخت محنت کی جائے گی۔

یہ دن 1940 میں آج کے دن تاریخی قرارداد لاہور کو اپنانے کی علامت ہے جس نے جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کے مقصد کے حصول کے لیے ایک فریم ورک فراہم کیا۔

دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔

مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی خوشحالی اور یکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اہم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرا دیا گیا ہے۔

مزیدخبریں