لاہور: سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) نے رمضان المبارک میں گھریلو صارفین کیلئے بلاتعطل گیس کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے ہنگائی اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں رمضان المبارک کے پہلے روز کے دوران شہریوں کو گیس کی عدم دستیابی کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تاہم اب سوئی ناردرن گیس نے سحر و افطار کے اوقات میں فل پریشر کے ساتھ گیس سپلائی کیلئے ہنگامی اقدامات شروع کر دئیے ہیں۔
سوئی ناردرن گیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ گھریلو صارفین کیلئے خصوصاً رات ڈھائی بجے سے صبح 6 اور شام 4 سے رات 9 بجے تک بلا تعطل اور فل پریشر کے ساتھ گیس فراہمی یقینی بنائی جائے گی تاہم ان اوقات کے علاوہ بھی گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی جاری رہے گی۔
سوئی ناردرن کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ سحر و افطار کے اوقات میں گیس پریشر کے مسائل کو فوری حل کرنے کیلئے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دئیے جانے کے علاوہ شکایات کے فوری حل کیلئے کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جبکہ شہریوں سے بھی اپیل ہے کہ وہ سحر و افطار کے اوقات میں گیس کے ضیاع کو روکیں۔