اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے پاس تحریک عدم اعتماد کے خلاف ابھی بھی بہت سے کارڈز ہیں۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ روایت کے مطابق 25 مارچ کو قومی اسمبلی اجلاس میں پہلے وفات پانے والے ایم این اے کے ایصال ثواب کیلئے دعا ہو گی اور پھر 30 مارچ سے یکم اپریل تک سپیکر جس دن چاہے گا، اس دن ووٹنگ کا دن مقرر کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے وزیراعظم عمران خان کے پاس اب بھی بہت کارڈز ہیں اور امید ہے کہ اتحادی بھی وزیراعظم کا ساتھ دیں گے اور میری دعا ہے کہ اتحادی جماعتیں عمران خان ہی کا ساتھ دیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ 27 مارچ کو ڈی چوک میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) جلسے میں واضح ہو جائے گا کہ عوام کس کے ساتھ کھڑے ہیں، اپوزیشن اگر تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کیلئے پراعتماد ہے تو ہم بھی اس تحریک کو ناکام بنانے کیلئے پرامید ہیں۔
تحریک عدم اعتماد، وزیراعظم کے پاس اب بھی بہت سے کارڈز ہیں: شیخ رشید
03:28 PM, 23 Mar, 2022