اسلام آباد: "شاد رہے پاکستان"آج یوم پاکستان شایان شان طریقے سے منایا جارہا ہے، دن کے آغاز پر وفاق میں 31 اورصوبائی دارالحکومتوں میں اکیس ، اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔
یوم پاکستان کی مناسبت سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مسلح افواج کی مرکزی پریڈ منعقد کی گئی ہے جس میں تینوں مسلح افواج اور دوست ممالک کے دستے شامل ہیں ۔ تقریب میں چینی ساختہ جدید ترین ’جے 10سی‘ جنگی طیاروں کا فلائی پاسٹ بھی ہوگا جبکہ ثقافتی فلوٹس بھی ایونٹ کو چار چاندلگائیں گے، میزائل، یو اے وی پاکستان کے ناقابل تسخیردفاع کی علامت کے طور پر پریڈ کا حصہ ہیں۔
قبل ازیں پریڈ کی مرکزی تقریب کا آغاز قومی ترانے اور اس کے بعد تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کے بعد صدر علوی نے پریڈ کا معائنہ کیا۔صدر مملکت، وزیر اعظم کے علاوہ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی شخصیات کو بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔او آئی سی وزرائے خارجہ بھی پریڈ کے شرکاء میں شامل ہیں۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل ندیم رضا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، نیول چیف ایڈمرل اجمل خان نیازی اور ائیر وائس مارشل زبیر حسن خان یوم پاکستان کی مرکزی تقریب میں موجود ہیں۔
واضح رہے کہ رواں سال یوم پاکستان کی مرکزی پریڈ کا تھیم ’شاہ رہے پاکستان‘ رکھا گیا ہے جو قومی ترانے سے لیا گیا ہے۔
دوسری جانب صوبائی دارالحکومت لاہور میں گیریژن ایوب اسٹیڈیم میں 21 توپوں کی سلامی سے دن کاآغاز ہوا ،پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے توپوں کی سلامی دی اور تقریب اللہ اکبر کے نعروں سے فضاگونج اٹھی۔ پشاور میں بھی کرنل شیر خان اسٹیڈیم میں دن کے آغاز پر اکیس توپوں کی سلامی دی گئی۔
یاد رہے کہ یوم پاکستان برصغیر کی تاریخ میں کئی حوالوں سے اہم دن ہے، اس دن مسلمانوں نے جداگانہ انتخاب کے بجائے علیحدہ ریاست کا مطالبہ کیا۔لاہور کے منٹو پارک (موجودہ اقبال پارک) میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی زیر صدارت مسلم لیگ نے قرارداد پاکستان منظور کی۔23 مارچ 1940 کو قرارداد پاکستان کی منظوری کے سات برس بعد اسلامی جمہوریہ پاکستان 14 اگست 1947 کو کرہ ارض پر وجود میں آیا۔