برلن:عالمی وبا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے سبب جرمنی میں ایسٹر کے موقع پر سخت لاک ڈاون لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا جبکہ ملک میں نافذ لاک ڈاون میں 18 اپریل تک کی توسیع کردی گئی ہے۔
جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق جرمنی میں وفاقی اور ریاستی رہنما ئوں نے ایسٹر کی تعطیلات کے دوران سخت ترین لاک ڈائون پر اتفاق کر لیا ہے، اس حوالے سے جرمن چانسلر کا کہنا ہے کہ وائرس کی نئی قسم کی وجہ سے، ہمیں نئی وبا کا سامنا ہے۔جرمن چانسلر انجیلا مارکل نے اعلان کیا کہ جرمنی میں نافذ موجودہ لاک ڈاون میں 18 اپریل تک کی توسیع کی جا رہی ہے، اس کے تحت ملک میں یکم اپریل سے پانچ اپریل تک یعنی ایسٹر کی تعطیلات کے دوران، پہلے سے بھی زیادہ سخت پابندیاں عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
لا ک ڈائون کے دوران روزمرہ گھریلو ضروری اشیا کے سٹور سمیت تقریبا سبھی دکانیں بھی بند رہیں گی،عوامی اجتماعات پر مکمل پابندی عائد رہے گی، پانچ روز ہ چھٹی کے دوران تقریبا تمام دکانیں اور سٹور بند رہیں گے، روزمرہ گھریلو ضرورت کی اشیا کی دکانوں کو صرف تین اپریل تک کھلے رہنے کی اجازت ہے۔کوئی بھی جرمن شہری جو بیرون ملک میں ہو اسے جرمنی واپسی کے لیے فلائٹ لینے سے پہلے اپنا ٹیسٹ کروانا لازمی ہوگا۔
قومی سطح پر موجودہ لاک ڈاون میں 18 اپریل تک کی توسیع کر دی گئی ہے جبکہ پہلے اس لاک ڈائون کو 28 مارچ تک کے لیے ہی نافذ کیا گیا تھا،نئے اعلان کے مطابق اگر کسی علاقے میں تین دن تک مسلسل سو سے زیادہ متاثرین پائے گئے تو اس خاص علاقے میں اور زیادہ سخت پابندیاں عائد کی جائیں گی۔ اس دوران تمام میوزیم، آرٹ گیلریزی اور کھیل کے دیگر مقامات مکمل طور پر بند رہیں گے۔