راولپنڈی میں نوسالہ زینب جنسی تشدد کے بعد قتل ، ملزم گرفتار

06:27 PM, 23 Mar, 2021

راولپنڈی ،نوسالہ زینب درندگی کا نشانہ بن گئی ۔ ننھی بچی کی لاش پڑوسی کے گھر سے برآمد ہوگئی ۔ کم عمر بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے کیسز میں اضافے سے ہر کوئی دل پکڑ کر بیٹھ گیا ۔ 

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کے علاقے جھنڈا چیچی میں 9 سالہ بچی کو مبینہ زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا۔ کم سن زینب چیز لینے کے لئے گھر سے نکلی جو کافی دیر تک گھر واپس نہ آئی تو والدین نے پریشان ہوکر اس کی تلاش شروع کردی ۔ 

پولیس کو اطلاع کی گئی جس کے بعد پولیس نے بھی بچی کو تلاش کرنا شروع کردیا ۔ اچانک پولیس نے شک کی بناء پر زینب کے پڑوسی سے سوال جواب کئے جس پر وہ پریشان ہوگیا اور پولیس کا شک مضبوط ۔ 

پولیس نے پڑوسی کے گھر کی تلاشی لی تو کم سن زینب کی لاش برآمد ہوگئی ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طورپر بچی کی تلاش شروع ہونے کی وجہ سے پڑوسی کو زینب کی لاش ٹھکانے لگانے کا موقع نہیں مل سکا۔ 

 پولیس نے فوری طور پر پڑوسی کو حراست میں لیکر تھانے منتقل کردیا۔پولیس کا کہنا تھا کہ بچی کے چہرے اور جسم پر تشدد کے نشانات ہیں، بچی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز منتقل کردیا ہے، بچی کی موت کی وجہ اور جنسی زیادتی کا تعین پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ہوسکے گا۔

ننھی زینب کے ساتھ مبینہ زیادتی اور اس کو قتل کرنے کے خبر اہل خانہ پر بجلی بن کر گری، لواحقین اور اہل علاقہ نے تھانہ سول لائنز کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی اور ایئرپورٹ روڈ بلاک کردیا۔

مظاہرین نے بچی کی لاش تھانے کے باہر رکھ کر شدید احتجاج کیا، مظاہرین نے تھانہ سول لائنز میں داخل ہونے کی کوشش کی تو پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی اور مظاہرین کو تھانے کے گیٹ سے باہر نکال کر انہیں مزید پیش قدمی سے روکا۔

 پولیس کی مظاہرین سے ہاتھا پائی بھی ہوئی جبکہ مظاہرین نے بچی سے زیادتی و قتل کے گرفتار ملزم کو عوام کے حوالے کرنے کا مطالبہ کیا۔

ادھر آئی جی پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او راولپنڈی سے رپورٹ طلب کرلی اور گرفتار ملزم کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ لواحقین کو انصاف کی فراہمی ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنائی جائے۔

مزیدخبریں