حمزہ شہباز سے امریکی سفیر کی ملاقات پر حیرت ہوئی ہے، علی زیدی

حمزہ شہباز سے امریکی سفیر کی ملاقات پر حیرت ہوئی ہے، علی زیدی
کیپشن: حمزہ شہباز سے امریکی سفیر کی ملاقات پر حیرت ہوئی ہے، علی زیدی
سورس: فوٹو/سوشل میڈیا

کراچی: وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے کہا ہے کہ امریکی سفیر کی حمزہ شہباز سے ملاقات پر حیرت ہوئی ہے۔ حمزہ شہباز ضمانت پر رہا ہے اور بدعنوانی کے کیس کا سامنا کر رہے ہیں لیکن حمزہ شہباز احتساب کے اداروں پر دباوَ ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی نے الزام عائد کیا کہ حمزہ شہباز بدعنوان سیاستدانوں کے ایک گروہ کی سربراہی کر رہا ہے۔ اوراب ان دونوں کو میثاق جمہوریت کی تجدید کے مجاہد بنا کر پیش کرنے والے فکر مند ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز اور بلاول کی جملہ بازی سے جعلی جمہوریت کےعلمبردار پریشان ہیں، جمہوریت کے علمبردار ایک دوسرے پر اسٹیبلشمنٹ کے ایجنٹ کے الزام لگانے پر فکرمند ہیں۔ جب آپ کی سیاست صرف مفادات اور لوٹ مار پر مبنی ہو تو یہی ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سمندر میں پھنسے ملاحوں کی مدد کیلئے سعودی اتھارٹی سے اجازت حاصل کی جائے گی اور کشتی کے مالک کے مطابق ملاحوں کی 8 ماہ کی تنخواہیں واجب الادا ہیں۔

علی زیدی کا کہنا تھا کہ تنخواہوں کی عدم ادائیگی کی وجہ سے ملاحوں نے خود ہی کشتی میں رہنے کو ترجیح دی اور کشتی کے مالک نے یقین دہانی کرائی کہ انہیں چند روز میں ریسکیو کر لیا جائے گا۔

گزشتہ روز لاہور میں امریکا کے قائم مقام قونصل جنرل بیری جنکر نے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر حمزہ شہباز سے ملاقات کی ہے۔ دونوں کے درمیان ملاقات ماڈل ٹاؤن لاہور میں ہوئی جس میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کےامورپر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات میں نئی انتظامیہ کے تحت پاک امریکا تعلقات، پاک بھارت سے متعلقہ خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے اہم امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ہی حمزہ شہباز عدالت سے ضمانت کے بعد رہا ہوئے ہیں اور انہوں نے سیاسی سرگرمیاں بھی شروع کردی ہیں۔