اسلام آباد: یوم پاکستان آج ملک بھر میں قومی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے ، اس حوالے سے ایس او پیز کو مدنظر رکھتے ہوئے تقریبات منعقد کی جائیں گی ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور محفوظ شہید گیریژن میں دن کے آغاز پر 21 توپوں کی سلامی دی گئی ، فضا نعرہ تکبیر اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اُٹھی ۔
یوم پاکستان کے موقع پر لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب ہوئی ، پاک فضائیہ کے جوانوں نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے ، مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل ندیم اختر خان نے پھولوں کی چادر چڑھانے کے بعد فاتحہ خوانی کی ۔
یوم پاکستان کے حوالے سے صدر مملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے بھی اپنے پیغامات جاری کیے ۔ صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ آج کے دن ہمیں اپنے کشمیری بھائیوں کو بھی یاد رکھنا چاہئے ، مظلوم کشمیریوں کو بھارتی فورسز نے 7 دہائیوں سے غلام بنا رکھا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کو غیر قانونی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لینا چاہئے ۔
صدر مملکت کا پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط اور خوشحال بنانے کے عزم کا بھی اعادہ ۔
وزیراعظم عمران خان نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن ہندو توا ذہنیت سے آزادی کیلئے علیحدہ وطن کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ۔ ہمیں قائداعظم کے اتحاد ، عقیدے اور نظم وضبط کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے ۔ آج کے دن غیر قانونی مقبوضہ کشمیر کے عوام سے بھی اظہار یکجہتی کرتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت کے حصول کیلئے کشمیریوں کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے ۔
ادھر خراب موسم کے باعث یوم پاکستان پریڈ کا شیڈول تبدیل کردیا گیا ، پریڈ آج یعنی تئیس مارچ کے بجائے 25 مارچ کو ہوگی ، موسم کی خرابی کے باعث آئندہ دو دن پریڈ نہیں ہوسکتی ، مسلح افواج کی پریڈ جمعرات کو صبح 9 بجے شکرپڑیاں میں ہوگی ۔