یومِ پاکستان پر اسلام آباد میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ

09:15 AM, 23 Mar, 2019

اسلام آباد: ملک بھر میں یومِ پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے اور اس مناسبت سے اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج کی شاندار پریڈ  ہوئی  جس میں چین، سعودی عرب اور آذربائیجان کے دستے اور ہواز باز بھی شریک ہیں۔

پریڈ گراؤنڈ میں ہونے والی تقریب کے مہمان خصوصی ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد ہیں جو صدرِ مملکت عارف علوی، وزیراعظم عمران خان، وزیر دفاع پرویز خٹک اور چیئرمین جوائنٹ چیفس سمیت تینوں سروسز چیفس کے ہمراہ سلامی کے چبوترے پر براجمان ہیں۔

صدرِ مملکت سمیت مہمانِ خصوصی کی آمد کے بعد گراؤنڈ میں قومی ترانا پڑھا گیا اور تلاوتِ کلامی پاک کی گئی۔ جس کے بعد صدرِ مملکت عارف علوی کو مسلح افواج کے دستوں سے سلامی پیش کی اور صدر نے مسلح افواج کی پریڈ کا معائنہ کیا۔

صدرِ مملکت کو سلامی پیش کیے جانے کے بعد پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کی سربراہی میں جنگی طیاروں نے صدرِ مملکت کو سلامی پیش کی جب کہ ائیرچیف نے کاکٹ پٹ سے براہِ راست پیغام بھی دیا۔

ائیر چیف کی سربراہی میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا اور اس دوران طیاروں کی گھن گھرج نے وفاقی دارالحکومت کا ماحول گرما دیا۔

صدرِ مملکت عارف علوی نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کیا اور شاندار پریڈ کے انعقاد پر مسلح افواج اور منتظمین کو مبارکباد دی۔

تقریب میں غیر ملکی مہمان بحرین کی نیشنل گارڈ کے سربراہ اور آذربائیجان کے وزیر دفاع بھی تقریب میں شریک ہیں۔

اس کے علاوہ حکومتی شخصیات، غیر ملکی سفارتکار اور اعلیٰ سول و عسکری حکام سمیت زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات تقریب میں شریک ہیں۔

یومِ پاکستان پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صبح کے آغاز پر 31 توپوں کی سلامی دی گئی جب کہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ مساجد میں ملکی سلامتی، استحکام اور امن کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

ادھر یومِ پاکستان کی مناسبت سے لاہور میں مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی جس میں پاک فضائیہ کےچاق و چوبند دستے نےگارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

بیس کمانڈر لاہور ائیر کموڈور سیدصباحت حسن  نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

مزیدخبریں