کوئٹہ : بلوچستان میں مسلم لیگ (ن) سے بغاوت کے بعد نئی حکومت قائم کرنے والے گروپ کے اہم رہنما اور صوبائی وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نے نئی سیاسی جماعت کی بنیاد رکھنے کا اعلان کر دیا۔
کوئٹہ میں میڈیا تے ہوئے سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستانمیرعبدالقدس بزنجو ایک یا دو روز میں پارٹی کا باقاعدہ اعلان کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ نئی پارٹی عام روایتی پارٹیوں سے مختلف ہوگی۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام پاکستان سے سب سے زیادہ محبت کرنے والے ہیں اور آج بلوچستان کے کونے کونے میں پاکستان کا پرچم لہرا رہا ہے۔
خیال رہے بلوچستان کے موجودہ وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کی قیادت میں اپوزیشن اور حکمراں جماعت کے اراکین نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے وزیراعلیٰ نواب ثنااللہ زہری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی درخواست جمع کرادی تھی جس کو ایوان میں پیش کرنے سے پہلے ہی اس وقت کے وزیراعلیٰ نے استعفیٰ دے دیا تھا۔بعد ازاں اس گروپ کی جانب سے مسلم لیگ (ق) کے ٹکٹ پر رکن اسمبلی منتخب ہونے والے عبدالقدوس کو صوبے کا نیا وزیراعلیٰ مقرر کرکے نئے کابینہ تشکیل دی تھی جس میں سرفراز بگٹی کو وزیرداخلہ برقرار رکھا گیا تھا۔
رواں ماہ ہونے والے سینیٹ کے انتخابات میں صوبائی حکومت کے اراکین نے اپنے امیدواروں کو منتخب کیا تھا اور پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مدد سے اپنے سینیٹر صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ منتخب کرلیا تھا۔