اسلام آباد: صدر ممنون حسین نے یوم پاکستان کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں کہا کہ 23 مارچ ہماری تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ قرارداد لاہور نے برصغیر کے مسلمانوں کوعظیم مقصد کے لیے متحد کیا جبکہ قائداعظم محمد علی جناح، علامہ اقبال اور تحریک آزادی کے قائدین کی قربانیوں سے حصول پاکستان کی راہ ہموارہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور استحکام کا راز جمہوریت میں پوشیدہ ہے جبکہ جمہوری روایات سے رواداری، ہم آہنگی اور برداشت کو فروغ ملے گا۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند دہائیوں میں دہشت گردی نے خطے اور پاکستان کو بری طرح متاثر کیا تاہم خوشی ہے کہ پوری قوم نے یک جان ہو کر دہشت گردی کا مقابلہ کیا اور دہشت گردی کے خاتمے سے ملک میں امن وامان بحال ہو چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا پاکستانی معیشت ترقی کی راہ پرگامزن ہے جب کہ ہمیں اس عہد کی تجدید کرنا ہو گی کہ ہم بزرگوں کے نقشے قدم پر چلتے ہوئے پاکستان کوعظیم ترملک بنائیں گے۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرے۔
مزید پڑھیں: یوم پاکستان کی اسلام آباد میں مرکزی تقریب جاری
دوسری جانب وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ یوم پاکستان 78 سال پہلے کے عظیم دن کی یاد دلاتا ہے۔ 23 مارچ 1940 کو مسلمانوں نے الگ ریاست کے قیام کا فیصلہ کیا۔ آج ہم 23 مارچ 1940ء کو یوم پاکستان کے طو رپر منا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ماضی پر نظر ڈالتے ہوئے مستقبل کی فکر کرنا ہو گی اور کامیابیوں کے ساتھ ساتھ کوتاہیوں کا جائزہ بھی لینا ہو گا۔
یہ خبر بھی پڑھیں: پاکستان کو امریکی جنگ کا حصہ بنا کر دلدل کی طرف دھکیلا گیا: فضل الرحمان
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک جمہوری جدوجہد کے ذریعے وجود میں آیا اور پاکستان کی سلامتی اور ترقی وخوشحالی کا راز جمہوریت میں پوشیدہ ہے، آئینی وقانونی بالا دستی کے بغیر ہم آبرو مند نہیں ہو سکتے جب کہ آج اقبال اور قائد کے افکار کو مشعلِ راہ بنانے کا عہد کرنا ہو گا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں