لاہور: ڈیجیٹل سکول آن ویل پراجیکٹ لانچ کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے آئی ٹی کمپنیوں کے وفود نے ملاقات کی جس میں پنجاب میں ڈیجیٹل سکول آن ویل پراجیکٹ لانچ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پراجیکٹ کے تحت سرکاری سکولوں کے ایک ہزار اساتذہ کو فری ڈیجیٹل کورس کرائے جائیں گے جبکہ جامعات کے 15 ہزارطلبہ کے لیے مفت سرٹیفکیشن کورسز کے لیے گوگل فار ایجوکیشن مدد کرے گا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ یونیورسٹی طلبہ کو اینٹی وائرس اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس و دیگر کورسز کرائے جائیں گے، سکول آن ویل کے دو پائلٹ پراجیکٹ چند ہفتوں میں لانچ کر دیئے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ نظام تعلیم میں خامیوں کا تعین کر کے بہتری کیلئے کوشاں ہیں، ایجوکیشن سسٹم میں ازسرِ نو تعمیر کیے بغیر مثبت تبدیلی ممکن نہیں۔
مریم نواز نے گوگل کی ٹیم کو حکومت کے آئی ٹی اقدامات سے بھی آگاہ کیا جبکہ گوگل فار ایجوکیشن کے وفد نے پنجاب کے پہلے سرکاری آٹزم سکول پراجیکٹ میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔