لاہور: رواں سال مون سون بارشیں 35 فیصد تک زیادہ ہونے کے امکانات،الرٹ جاری کردیاگیا ہے۔ پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون بارشوں بارے الرٹ جاری کیا ہے۔ بالائی پنجاب وسطی پنجاب اور جنوبی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارشیں متوقع ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مراسلے میں کہا گیا کہ جولائی میں مون سون بارشوں سے اربن فلڈنگ اور جنوبی پنجاب میں ہل ٹورنٹس کا خطرہ ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق متعلقہ محکموں کو الرٹ کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے صوبہ بھر کی انتظامیہ کو مون سون بارشوں سے متعلق مراسلہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ رواں سال مون سون بارشیں 35 فیصد تک زیادہ ہونے کے امکانات ہیں۔ پی ڈی ایم اے نے یکم جولائی سے پنجاب میں مون سون بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کی ہے۔
اتھارٹی کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ جولائی کے پہلے ہفتے میں 15 سے 50 ملی میٹر بارش کے امکانات ہیں جبکہ جولائی کے دوسرے ہفتے میں 25 سے 35 ملی میٹر بارشیں متوقع ہیں۔
مراسلے کے مطابق جولائی کے تیسرے ہفتے میں بالائی پنجاب اور جنوبی پنجاب میں 15 سے 25 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے، جولائی کے چوتھے ہفتے میں 50 سے 70 ملی میٹر بارشوں کی پیشگوئی ہے۔