عید الاضحیٰ پر پاکستانی فلم "تیری میری کہانیاں" سینماؤں کی زینت بننے کیلئے تیار

04:58 PM, 23 Jun, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور: پاکستانی فلم ”تيری ميری کہانياں“ کی پرموشنل پريس کانفرنس لاہور کے مقامی ہوٹل ميں ہوئی جس ميں اداکار مہوش حيات، رمشا خان، شہريار منور، عابد رشيد اورنديم بيگ نے شرکت کی۔  ان فنکاروں کا کہناتھا کہ پاکستانی فلمی صنعت کے تین شہرہ آفاق ڈائریکٹرز کی زیر نگرانی بننے والی نئی فلم ”تیری میری کہانیاں“ عید الاضحی پر سینماؤں کی زینت بنے گی۔ 

فلم کے پرموشنل کانفرنس میں بتایا گیا کہ 'تیری میری کہانیاں' ایک فیچر فلم ہے جس میں مختلف اداکاروں اور ہدایت کاروں کے ساتھ تین مختلف مختصر کہانیوں کو یکجا کرکے ایک فلم میں پیش کیاگیا ہے۔  فلم میں موجود تینوں کہانیوں کے نام اور اداکار بھی منظر عام پر آگئے۔

 یہ فلم پاکستانی سنیما پراپنی نوعیت کا پہلا تجربہ ہے جس میں کسی ایک پلاٹ پر انحصارکی بجائے متعدد کہانیوں پر مشتمل انتھالوجی کا انتخاب کیا گیا ہے۔

اس انتھالوجی میں پہلی شارٹ فلم 'جن محل' میں شادی شدہ جوڑی حرا اورمانی کو پہلی بار ایک ساتھ اسکرین پر دکھایا گیا ہے۔ یہ ایک ہارر کامیڈی ہے جس میں ایک ایک خاندان کے ساتھ پیش آنے والی حیران کن واقعات کی عکاسی کی گئی ہے۔ اس کہانی کے رائٹرباسط نقوی اور علی عباس نقوی ہیں جبکہ ہدایت کاری نبیل قریشی نے کی ہے۔

 دوسری کہانی میں مہوش حیات اور وہاج علی پہلی باراسکرین پر مدمقابل ہیں۔ دیگر کاسٹ میں زاہد احمد اور آمنہ الیاس بھی شامل ہیں۔ یہ ایک رومانوی ڈرامہ ہے جس کانام 'ایک سو تئیسواں' رکھا گیا ہے۔ اس کہانی کے رائٹر خلیل الرحمن قمر جبکہ ڈائریکٹر ندیم بیگ ہیں۔

تیسری شارٹ فلم کا نام 'پسوڑی' ہے۔ اس فلم میں شہریار منور اور رمشا خان لیڈ پیئر میں نظر آئیں گے۔ یہ ایک کامیڈی ڈرامہ ہے۔ اس فلم کی پروڈیوسر اور ہدایت کارہ مرینہ خان ہیں جبکہ رائٹر واسع چوہدری ہیں۔

فلم عيدقربان پرسنيماگھروں کی رونقيں بحال کرےگی۔

مزیدخبریں