اسلام آباد: چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سات رکنی لارجر بینچ فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف دائر کی جانے والی درخواستوں پر دوسری سماعت کر رہا ہے۔ مختلف سول سوسائٹی ارکان کے وکیل فیصل صدیقی دلائل دے رہے ہیں.
جسٹس اعجاز الاحسن، منصور علی شاہ، جسٹس منیب اخترجسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس مظاہر نقوی اور جسٹس عائشہ ملک بینچ کا حصہ ہیں۔
فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کیخلاف دائر درخواستوں پر دوسری سماعت کے دوران آج مختلف سول سوسائٹی ارکان کے وکیل فیصل صدیقی دلائل دے رہے ہیں جبکہ اعتزاز احسن کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل مکمل کر لیے تھے۔
واضح رہے گزشتہ روز عدالت نے وزیر اعظم، وزیر داخلہ، وزیر دفاع وفاق، چاروں صوبوں اور اٹارنی جنرل سمیت فریقین کو نوٹسز جاری کر دیئے تھے۔
عدالت نے فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کو فوری روکنے کیلئے لطیف کھوسہ کی استدعا فی الحال مسترد کر دی ہے۔
عدالت نے گزشتہ روز نو مئی کے واقعات کے بعد گرفتار تمام افراد کا ڈیٹا طلب کر رکھا ہے آج وکیل فیصل صدیقی دلائل دیں گے، سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ، بیرسٹر اعتزاز احسن، کرامت علی اور چیئرمین پی ٹی آئی نے درخواستیں دائر کر رکھی ہیں۔