فوجی قیادت کے خلاف ہرزہ سرائی، کینیڈین ہائی کمشنر کی دفتر خارجہ طلبی، شدید احتجاج

11:23 PM, 23 Jun, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پاکستان  نے   کینیڈین ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے کینیڈین رکن پارلیمنٹ ٹام کیمیک کے پاکستان کیخلاف بیان پر سخت احتجاج کیا ہے ۔ انہیں احتجاجی مراسلے بھی دیا گیا ہے۔ 

وزارت خارجہ نے کینیڈین ہائی کمشنر  وینڈی گلمور کی طلبی  کی تصدیق کردی ۔،ذرائع کے مطابق پاکستان میں کینیڈا کی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے سخت احتجاج کیا گیا۔سفارت کار کو بتایا گیا کہ کینیڈا کے رکن پارلیمنٹ ٹام کیمیک کا پاکستان کے خلاف حالیہ بیان سفارتی اصولوں کے خلاف اور انتہائی غیر ذمہ دارانہ ہے۔

کینیڈین ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ تھمایا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے داخلی امور میں مداخلت سے باز رہا جائے۔گزشتہ ہفتے ٹام کیمیک نے پاکستان پر سندھ کے لوگوں سمیت اقلیتوں کے حقوق کی خلاف ورزی کا الزام لگایا تھا۔انہوں نے سندھ کے انسانی حقوق، موسمیاتی تبدیلی، ماحولیاتی انصاف اور فطرت سے محبت کے لیے اوٹاوا فریڈم واک کے لیے کینیڈا کے عوام کی یکجہتی کی حمایت کی تھی ۔

 ٹام کیمیک نے کہا تھا کہ یہ واک پاکستان میں اقلیتوں کے مسائل کے بارے میں بیداری لاتی ہے۔ ان سے خطاب کرنا، ان سے ملنا اور ان کا استقبال کرنا اور ان کے مقصد میں میری حمایت کرنا ایک اعزاز کی بات ہے، ٹام کیمیک نے فوجی قیادت کے خلاف بھی ہرزہ سرائی کی تھی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں دو  جمہوری حکومتیں گرانے کا ذمہ دار قرار دیا تھا۔

پاکستان نے کینیڈین رکن پارلیمنٹ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے کسی بھی قسم کی انسانی حقوق کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی ۔

مزیدخبریں