ویانا رہائش کیلئے دنیا کا بہترین شہر، بدترین شہروں میں کراچی کا پانچواں نمبر 

11:16 PM, 23 Jun, 2022

نیوویب ڈیسک

لندن : برطانوی میگزین دی اکانومسٹ کے انٹیلی جنس یونٹ کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق ویانا ایک بار پھر رہائش کے لیے دنیا کے بہترین شہر کے طور پر پہلے نمبر پر آگیا ہے جبکہ کراچی رہنے کیلئے بدترین شہروں میں 5 ویں نمبر پر ہے۔ 

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آسٹریا کے دارالحکومت نے نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ سے بہترین شہر کا ٹائٹل چھین لیا ہے، جو پہلے نمبر سے 34 ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے، اس کی وجہ کووڈ کی وبا کے دوران شہر میں نقل و حرکت سے متعلق سخت اقدامات ہیں۔

کووِڈ کی وجہ سے اپنے عجائب گھروں اور ریستورانوں کی بندش کی وجہ سے ویانا نے پچھلے سال اپنا مقام کھو دیا تھا، لیکن ثقافتی اور سماجی زندگی کے دوبارہ بحال ہونے کے بعد اس نے اپنا مقام واپس لے لیا ہے جو اسے 2018 اور 2019 میں حاصل ہوا تھا۔

دوسرے نمبر پر کوپن ہیگن (ڈنمارک)، تیسرے نمبر پر زیورخ (سوئٹزر لینڈ)، چوتھے اور پانچویں نمبر پر کینیڈا کے دو شہر کیلگری اور وینکوور ہیں۔ چھٹے نمبر پر سوئٹزر لینڈ کا شہر جنیوا، ساتویں پر جرمنی کا شہر فرینکفرٹ، آٹھویں پر کینیڈین دار الحکومت ٹورنٹو، نویں پر ہالینڈ کا شہر ایمسٹرڈیم اور دسویں نمبر جاپان کا شہر اوساکا اور آسٹریلیا کا شہر میلبورن ہے۔ 

شہروں کی درجہ بندی ان کے استحکام، صحت کی سہولیات ، ثقافت اور ماحولیات، تعلیم اور انفراسٹرکچر کے انڈیکس کے مطابق کی جاتی ہے۔

رپورٹ کے مصنفین کے مطابق شہر کی بڑی کشش اس کا استحکام اور اچھا انفراسٹرکچر ہے۔ اس کے علاوہ اچھی طبی سہولیات اور ثقافت اور تفریح کے مواقع بھی شہریوں کے لیے پرکشش ہیں۔

بدترین شہروں میں دمشق (شام) پہلے، لاگوس (نائیجیریا) دوسرے، طرابلس (لیبیا) تیسرے، الجزائر (الجیریا) چوتھے، کراچی (پاکستان) پانچویں، پورٹ مورسبی (پاپوا نیو گنی) چھٹے ، ڈھاکا (بنگلہ دیش) ساتویں، ہرارے ( زمبابوے) آٹھویں ، دوالا (کیمرون) نویں اور تہران (ایران) دسویں نمبر پر ہے۔ 

جہاں تک لندن کا تعلق ہے تو یہ 33ویں، پیرس 19ویں، نیویارک 51ویں اور بارسلونا اور میڈرڈ بالترتیب 35ویں اور 43 ویں نمبر پر ہیں۔ 

مزیدخبریں