کراچی:سابق وفاقی وزیر اور صدر پی ٹی آئی سندھ علی حیدر زیدی کا کہنا ہے کہ مخالف امیدواروں کو دھمکانے کے لیے پی پی پی اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے، ادارے اپنا کردار ادا کریں۔
سابق وفاقی وزیر و صدر پی ٹی آئی سندھ نے کہا کہ 26 جون کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کا پہلا مرحلہ ایک پرتشدد اور جان لیوا مشق نہ بن جائے، پی ٹی آئی امیدواروں کو دھمکانے کے لیے پی پی پی اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے، امیدواروں کو اغوا کیا جا رہا ہے، جعلی ایف آئی آر درج کی جا رہی ہیں، تجویز کنندگان اور حمایت کرنے والوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری ہے، انہوں نے کہا کہ کیا قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں پاکستانیوں کی سلامتی پر بات نہیں ہونی چاہئیے تھی؟ قانون نافذ کرنے والے اداروں سے اپیل ہے کہ اپنا کردار ادا کریں، خصوصاً ان سے جو آج کل غیر جانبدار رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ انسانی جان کی قیمت پر غیر جانبداری کبھی بھی آپشن نہیں ہوتا ہے، علی زیدی کا مزید کہنا تھا کہ کیا شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اداروں کی ذمہ داری نہیں ہے؟ خدا نخواستہ دھاندلی یا تشدد ہوا تو ذمہ آپ ہی ہونگے۔ انہوں نے سندھ کے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ پرامن رہیں مگر اتنی بڑی تعداد میں باہر نکلیں کہ ان سے بڑھ جائیں جو آپ کا ووٹ لوٹنا چاہتے ہیں، اللہ پاکستان پر رحم فرما اور ہمیں ان سازشیوں اور جرائم پیشہ مافیا سے بچائے جنہوں نے ہمیشہ اپنے چھوٹے مفادات کی خاطر ہمارے ملک کو نقصان پہنچایا ہے۔