اسلام آباد: مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے بری خبر ہے کہ یوٹیلٹی سٹورز پر کئی اشیا مہنگی ہونے کے ایک روز بعد ہی دالوں کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دال چنا کی قیمت میں 28 روپے فی کلو کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد یہ 162 روپے سے بڑھ کر 190 روپے فی کلو میں فروخت ہو رہی ہے۔
دال مسور کی قیمت 55روپے اضافے کے بعد 215روپے سے بڑھ کر 270روپے فی کلو ہو گئی ہے جبکہ سفید چنے کی قیمت 87روپے فی کلواضافے کے بعد 213روپے سے 300روپے فی کلو ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ یوٹیلیٹی سٹورز پر مختلف برانڈز کے مصالحہ جات، ٹوتھ پیسٹ، ڈش واش، ماچس و دیگر اشیاءکی قیمتوں میں گزشتہ روز ہی بڑا اضافہ کیا گیا تھا اور نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا تھا۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ رواں ہفتے ہی وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو ریلیف دینے کیلئے یوٹیلٹی سٹورز پر پانچ بنیادی غذائی اشیا کو کم قیمتوں میں فراہم کرنے کی ہدایت دی تھی۔
یوٹیلٹی سٹورز پر متعدد اشیاءمہنگی ہونے کے بعد دالوں کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں
11:13 AM, 23 Jun, 2022