کابل: افغانستان میں گزشتہ روز آنیوالے ہولناک زلزلے کے باعث ہلاکتوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور 1500 سے زائد شہری زخمی ہیں جس کے بعد طالبان حکومت نے دنیا سے مدد کی اپیل کر دی۔
ٖغیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق امارت اسلامی افغانستان میں گزشتہ روز 6.1 شدت کے آنیوالے زلزلے نے تباہی مچا دی اور ملک کو شدید جانی و مالی نقصان کا سامنا ہے جس کے سبب افغان طالبان کی حکومت نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ زلزلہ متاثرین کی مدد کیلئے آگے آئیں۔
طالبان حکومت کی جانب سے جاری ہونیوالے بیان میں کہا گیا ہے کہ زلزلے سے کئی گاؤں مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔
افغانستان میں ایسا تباہ کن زلزلہ گزشتہ کئی دہائیوں میں نہیں آیا جبکہ مواصلاتی نظام بھی تباہی کا شکار ہےاور ہلاکتوں میں بھی مزید اضافے کا خدشہ ہے۔