مسقط: عمان میں غیرملکی سرمایہ کاروں کو طویل المدتی رہائشی ویزا جاری کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق عمان کی حکومت نے یہ پروگرام متعارف کروانے کا فیصلہ ان وسیع تر اصلاحات کے ایک حصے کے طور پر کیا ہے جن کا مقصد اس خلیجی ریاست کی مالی حالت بہتر بنانا ہے۔
وزارت نے مزید بتایا کہ رہائشی ویزوں پر عملدرآمد رواں سال ستمبر سے ہوگا، غٰیرملکی سرمایہ کاروں کو سلطنت میں طویل عرصے تک رہائش اختیار کرنے کا حق ہوگا۔
اس پروگرام کے تحت غیر ملکی سرمایہ کاروں اور پینشن یافتہ شہریوں کو اس سلطنت میں طویل مدت تک قیام کا حق دے دیا جائے گا۔
عمان کی آبادی کا تقریبا 42 فیصد تارکین وطن پر مشتمل ہے، 2020 کے سرکاری اعداد و شمار سے معلوم ہوتا ہے کہ اس ملک میں طویل عرصے سے افرادی قوت کو قومیانے والی پالیسی ہے جسے اویمینیشن کے نام سے جانا جاتا ہے ، تاکہ اپنے شہریوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کریں۔
واضح رہے کہ عمان سے پہلے غیرملکی سرمایہ کاروں کو پانچ یا دس سال تک کے قابل تجدید رہائشی ویزے جاری کرنے کا منصوبہ عرب ریاست کے ہمسایہ ملک متحدہ عرب امارات بھی حالیہ برسوں میں متعارف کروایا جاچکا ہے۔
متحدہ عرب امارات میں مخصوص شرائط کے تحت غیرملکی سرمایہ کاروں اور پیشہ ورماہرین کے لیے ریاست کی شہریت کا حصول بھی ممکن ہے۔