اسلام آباد:سینیٹ نے مقبوضہ کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم اور بھارت کے غیر قانونی اقدامات کی مذمت کی قرارداد منظور کر لی۔
ایوان بالا کے اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف کی سینیٹر ڈاکٹر زرقہ سہروردی تیمور نے اس سلسلے میں قرارداد پیش کی، قرارداد میں کہا گیا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے 5اگست 2019مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے معاملے پر غور کے لئے24جون کو کل جماعتی کانفرنس طلب کی ہے، یہ ایوان بھارتی حکومت کے مظلوم کشمیریوں کے خلاف غیر قانونی اقدامات کی مذمت کرتا ہے اور اس امر پر زور دیتا ہے کہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کا بنیادی حق حق خود ارادیت دیاجائے۔
مقبوضہ کشمیر کی 5اگست 2019سے پہلے کی حیثیت بحال کی جائے اورتمام سیاسی قیدیوں کو فوری رہا کیا جائے، مقبوضہ کشمیر کی آبادی کا تناسب تبدیل کرنے اور اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی کارروائیاں بند کی جائیں۔ قرارداد میں کہا گیا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیوں اورجدوجہد کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ایوان نے اتفاق رائے سے قرارداد کی منظوریدیدی۔