ایران نے جوہری توانائی کے ادارے پر ڈرون حملہ ناکام بنا دیا

08:05 PM, 23 Jun, 2021

تہران: ایران میں جوہری توانائی کے ادارے کی عمارت پر بارود سے بھرے ڈرون کے ذریعے حملہ کرنے کی کوشش کی گئی تاہم دفاعی نظام نے بروقت ردعمل دیتے ہوئے حملے کو ناکام بنا دیا۔

ایرانی کے سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق جوہری توانائی کے سویلین ادارے کی عمارت پر ڈرون حملے کی ایک کوشش کو ناکام بنا دیا گیا۔ حملے میں جانی و مالی نقصان نہیں ہوا تاہم یہ نہیں بتایا گیا کہ ڈرون کو کہاں سے کنٹرول کیا جا رہا تھا تاہم ابھی تک کسی شدت پسند گروپ نے ڈرون حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ 

ایران کے قدامت پرستوں کی جانب سے ملکی ایٹمی پروگرام کو سبوتاژ کرنے کی سنگین دھمکیاں دینے والے اسرائیل کو حملے کا ذمہ دار قرار دیا جا رہا ہے۔

اسرائیل نے ایٹمی ادارے کی عمارت پر ڈرون حملے کے حوالے سے کسی قسم کا بیان جاری نہیں کیا ہے۔ گزشتہ روز اسرائیل کے نومنتخب وزیراعظم نفتالی بینیٹ نے ایران کے جوہری پروگرام کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے عالمی برادری سے ایکشن لینے کا مطالبہ کیا تھا۔

سوشل میڈیا پر پاسداران انقلاب سے منسلک اکاؤنٹس پر جاری تصاویر میں ایک تباہ حال ڈرون کو دیکھا جا سکتا ہے تاہم ڈرون کی ساخت اور ملکیت کے حوالے کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی۔

مزیدخبریں