راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے آذربائیجان کا سرکاری دورہ کیا ہے، جہاں انہوں نے آذربائیجان کے وزیرداخلہ سمیت عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے آذربائیجان کا سرکاری دورہ کیا، دورے میں آرمی چیف نے آذربائیجان کے وزیرداخلہ اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی، سیکیورٹی اور دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس کے علاوہ علاقائی امن ،تجارت اور توانائی سمیت مختلف امور پربات چیت کی گئی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ موجودہ جیواسٹریٹجک حالات میں قریبی تعاون خصوصی اہمیت رکھتا ہے، مختلف درپیش چیلنجز سے نمٹنےکیلئےمشترکہ ردعمل وقت کی ضرورت ہے۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ملاقاتوں میں آرمی چیف نے ہر سطح ،فورم پر باہمی رابطوں کو فروغ دینےکےعزم کا اعادہ کیا، آذربائیجان کی جانب سے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارتوں کو سراہا گیا اس کے ساتھ ساتھ آذربائیجان کی عسکری قیادت نے افغانستان میں دیرپا امن کیلئے کوششوں کے لئے پاکستان کی کاوشوں کا اعتراف کیا۔