اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ حکومت کورونا ویکسین کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنارہی ہے تاہم یہ بھی ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ عالمی سطح پر ویکسین کی کمی کا مسئلہ ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلا م آباد میں معاون خصوصی ڈاکٹر فیصل سلطان کی زیر صدارت ہیلتھ اینڈ پاپولیشن تھنک ٹینک کا اجلاس ہوا جس میں وفاق اور صوبوں کے ہیلتھ ماہرین بھی شریک ہوئے۔
اجلاس میں کورونا سے بچاؤ کیلئے ویکسین کی کوریج بڑھانے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حکومت اقدامات یقینی بنا رہی ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کاکہنا تھا کہ ملک بھر میں دو ہزار سے زائد سینٹرز پر ویکسین لگائی جا رہی ہے اور روزانہ تقریباً 3 سے 4 لاکھ سے زائد افراد کو ویکسین لگائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملک بھر 2 ہزار سینٹرز پر ویکسین کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانا ایک چیلنج تھا جبکہ یہ بھی ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ عالمی سطح پر ویکسین کی کمی کا مسئلہ ہے لیکن حکومت پاکستان اپنی بہترین حکمت عملی سے ویکسین کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنا رہی ہے۔