اسلام آباد: وزیراعظم کے معان خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان ایک غیرت مند قوم کا ملک ہے، اس وقت ہمارا وزیراعظم وہ ہے جس کے بیرون ملک اثاثے نہیں ہیں، وہ مغرب کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کر سکتا ہے، امریکہ کو واضح کہہ چکے ہیں کہ ہم اڈے نہیں دیں گے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا کوئی ایک ایسا لیڈر بتائیں جس نے منی ٹریل یا کوئی رسید دی ہو، نواز شریف سے اسحاق ڈار تک کسی نے کوئی ثبوت نہیں دیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت میں الیکشن کے بعد کوئی الزام نہیں لگتا، الیکشن کے بعد معاملہ ختم ہو جاتا ہے، یہاں تین سال ہو چکے ہیں لیکن ابھی بھی 2018ء کے الیکشن کو دھاندلی زدہ قرار دیا جارہا ہے
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپوزیشن کو کئی بار کہہ چکی ہے کہ آئیں ملک میں صاف اور شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے مل کر قانون سازی کریں، بات چیت کیلئے پارلیمنٹ ہی سب سے بہترین فورم ہے۔
عثمان ڈار نے کہا کہ جب تک اپوزیشن جھوٹ کا سلسلہ بند نہیں کرے گی پارلیمنٹ نہیں چل سکتی، حکومت نے کوئی رات کے اندھیرے میں بل پاس نہیں کئے، ان میں 2019ء کے بلز بھی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں واشنگٹن پوسٹ میں لکھی ایک تحریر میں وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ پاکستان کسی صورت امریکا کو اڈے نہیں دے گا کیونکہ ایسا کرنے سے ہم خود دہشتگردی کا شکار ہو سکتے ہیں۔
واشنگٹن پوسٹ میں لکھے گئے ایک مضمون میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان پہلے ہی بہت جانی اور مالی نقصان برداشت کر چکا ہے، ہم اس کے مزید متحمل نہیں ہو سکتے۔ افغانستان سے امریکی انخلا کے بعد پاکستان کسی تنازع میں نہیں پڑنا چاہتا۔
اپنے مضمون میں وزیراعظم نے واضح کیا کہ طاقتور فوج کے باوجود 20 سال میں امریکا افغانستان میں اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکا۔ پاکستان اڈے دے بھی دے تو کچھ فرق نہیں پڑے گا کیونکہ افغانستان کو باہر سے کنٹرول نہیں کیا جاسکتا۔ مزید کسی قسم کی بدامنی سے پاکستان پر افغان پناہ گزینوں کا بوجھ بڑھنے کا بھی خدشہ ہے۔