پاکستان کو مزید گرے لسٹ میں رکھنا نامناسب ہوگا: شاہ محمود قریشی

10:55 AM, 23 Jun, 2021

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے تکنیکی لوازمات پورے کرچکے ہیں ۔ پاکستان کو مزید گرے لسٹ میں رکھنا نامناسب ہوگا ۔

اپنے بیان میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف ایک ٹیکنیکل فورم ہے ۔ پاکستان ایف اے ٹی ایف کے 27 ایکشن آئٹمز میں سے 26 پر کام مکمل کرچکا ہے ۔ 27 ویں نکتے پر بھی بھرپور کام ہو چکا ہے ۔ اس صورتحال میں پاکستان کو گرے لسٹ میں رکھنے کا کوئی جواز نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پر محض ایک تلوار لٹکانا مقصود ہے تو یہ اور بات ہے ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت اس فورم کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنا چاہتا ہے ۔ بھارت کو اس فورم کے سیاسی استعمال کی اجازت نہیں ملنی چاہیے ۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے عالمی رائے اور قومی مفاد کو پیش نظر رکھتے ہوئے اہم فیصلے کیے ہیں ۔ دیکھتے ہیں ایف اے ٹی ایف اجلاس میں کیا فیصلہ ہوتا ہے ۔

مزیدخبریں