فلپائن میں کورونا ویکسین نہ لگوانے والوں‌ کو جیل میں‌ ڈالنے کا فیصلہ  

09:19 AM, 23 Jun, 2021

منیلا: فلپائنی صدر روڈریگو دوتیرتے نے اعلان کیا ہے کہ جو بھی شہری کورونا ویکسین لگوانے سے انکار کرے گا اسے جیل میں ڈال دیا جائے گا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلپائنی صدر روڈریگو دوتیرتے نے یہ اعلان قوم سے اپنے خطاب میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو عالمی وبا کورونا وبا کے خطرات سے آگاہ ہونا چاہیے، انھیں سمجھنا چاہیے کہ وہ حفاظتی ٹیکے لگوا کر اپنی اور دوسروں کی زندگیاں محفوظ بنا سکتے ہیں لیکن اگر کوئی اس سے انکار کرے گا تو اس کا ٹھکانہ جیل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فلپائن کے ہر شہری کو خواہ وہ مرد ہو یا عورت اسے کورونا سے بچاؤ کی ویکسی نیشن کرانا پڑے گی، انھیں یہ انتخاب کرنا ہوگا کہ وہ اس عالمی وبا سے محفوظ رہنا چاہتے ہیں یا جیل کی سزا بھگتنے کیلئے تیار ہیں۔

خیال رہے کہ فلپائن میں کورونا ویکسین لگوانے والے شہریوں کی تعداد آٹے میں نمک کے برابر ہے، وہاں کی عوام عالمی وبا سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگوانے سے کترا رہی ہے، اس اس لئے صدر روڈریگو دوتیرتے ی جانب سے انھیں آخری وارننگ دیدی گئی ہے۔

خبریں ہیں کہ فلپائن کے محکمہ صحت کے حکام کی جانب سے صدر روڈریگو دوتیرتے کو ملک میں جاری ویکسی نیشن کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی تھی لیکن انہوں نے اسے تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سے جھوٹ نہ بولا جائے، پوری دنیا ہم پر تنقید کر رہی ہے کہ ہم عالمی وبا کے تدارک کیلئے کوئی اقدامات نہیں کر رہے۔

انہوں نے عوام سے کہا کہ کسی بے بنیاد پروپیگنڈے پر یقین نہ کریں اور رضاکارانہ طور پر کورونا ویکسین لگوائیں لیکن میرے حکم کے باوجود ایسا نہ کیا گیا تو میں شہریوں سے جیلوں کو بھر دوں گا۔

مزیدخبریں