اسلام آباد: امریکی خاتون سنتھیا ڈی رچی سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کے خلاف مقدمے کے اندراج کے لیے اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ پہنچ گئیں۔
اپنی درخواست میں سنتھیا نے مؤقف اختیار کیا کہ رحمان ملک سے جان کو خطرہ ہے اور تھانہ سیکرٹریٹ پولیس درخواست کے باوجود مقدمہ درج نہیں کر رہی لہٰذا عدالت رحمان ملک کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے۔
سنتھیا ڈی رچی کی درخواست پر ایڈیشنل سیشن جج نے سماعت کی اور پولیس کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔عدالت نے سنتھیا کی درخواست پر پولیس سے 27 جون تک جواب طلب کر لیا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سابق وزیر داخلہ و رہنما پیپلز پارٹی رحمان ملک کے خلاف امریکی شہری سنتھیا رچی کی درخواست پولیس نے مسترد کر دی تھی۔پولیس تفتیش نے سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کو الزامات سے بری الذمہ قرار دے دیا تھا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق سنتھیا رچی کے پاس کسی قسم کا ثبوت نہیں ہے۔ درخواست ناقابل کارروائی ہے اور دھمکیوں کے الزامات کے حوالے سے سنتھیا رچی کسی کا فون نمبر، تاریخ اور نہ دھمکی کا وقت بتا سکیں۔