اسلام آباد: بھارتی حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی، نئی دہلی میں قائم پاکستانی ہائی کمیشن کے پچاس فیصد عملے کو واپس جانے کا حکم دیدیا ہے۔ذرائع کے مطابق بھارت نے اسلام آباد میں اپنے ہائی کمیشن سے بھی 50 فیصد عملہ واپس بلوانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس فیصلے پر عملدرآمد آئندہ سات روز میں ہو گا۔
بھارت نے پاکستانی ناظم الامور کو فیصلے سے آگاہ کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت نے یہ اقدام اسلام آباد میں دو بھارتی اہلکاروں کی حراست کے بعد طیش میں آتے ہوئے اٹھایا ہے۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے دو اہلکاروں کو اس وقت گرفتار کر لیا گیا تھا جب انہوں نے تیز رفتار گاڑی چلاتے ہوئے ایک شہری کو ٹکر مار دی تھی۔
انڈین اہلکاروں کی شناخت سلوادیس پال اور داوامو براہمو کے نام سے ہوئی ہے۔ دوران حراست دونوں کے قبضے سے جعلی کرنسی بھی برآمد ہوئی تھی۔
پولیس نے دونوں کیخلاف مقدمہ درج کرکے مزید کارروائی شروع کی تھی تاہم سفارتی استثنیٰ کی وجہ سے بعد ازاں انھیں رہا کر دیا گیا۔