لاہور: ملک بھر میں رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران روپے کے مقابلے میں ڈالر ایک مرتبہ پھر مہنگا ہو گیا۔ امریکی کرنسی کی قدر ایک روپیہ 7 پیسے بڑھ گئی۔ رواں ماہ میں ملکی قرضوں میں 450 ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
ملک بھر میں رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر پانچ پیسے سستا ہوا تھا۔ جس کے امید ہو چلی تھی کہ آئندہ چند روز کے دوران ڈالر کی قیمت میں مزید گراوٹ دیکھنے کو ملے گی۔
تاہم رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں امریکی ڈالر 1 روپیہ 7 پیسے مہنگا ہو گیا جس کے بعد امریکی کرنسی کی نئی قیمت 166 روپے 58 پیسے سے بڑھ کر 167 روپے 65 پیسے ہو گئی ہے۔
رواں ماہ جون کے دوران اب تک امریکی ڈالر 4 روپے 55 پیسے مہنگا ہو گیا، رواں ماہ ڈالر 2.8 فیصد مہنگا ہوا جس کے باعث ملکی بیرونی قرضوں کے بوجھ میں 450 ارب روپے کا اضافہ ریکاڈ کیا گیا۔