اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پنجاب میں جیالے متحد رہیں اچھا وقت آنے والا ہے۔
سابق صدرآصف علی زرداری نے پارٹی رہنما قمر زمان کائرہ اور چودھری منظور کو ٹیلی فون کیا اور پنجاب کی صورتحال اور پارٹی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پنجاب میں جیالے متحد رہیں اچھا وقت آنے والا ہے، ہمیں مقدمات کا کوئی خوف نہیں ہے۔ پہلے بھی عدالتوں میں مقابلہ کیا اور اب بھی کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے 2008 کے مالی بحران میں مزدوروں اور کسانوں کو سپورٹ کیا تھا۔ وفاقی حکومت صوبوں کو مضبوط بنانے کے بجائے کمزور کر رہی ہے۔سابق صدر نے کہا کہ وفاق میں بیٹھے لوگ سیاسی ادراک نہیں رکھتے وہ ہر بحران کو مزید گہرا کر دیتے ہیں۔ 2 سیلابوں کے باوجود ہم نے خوراک کی کمی نہیں ہونے دی لیکن آج خوراک کی شدید قلت کا خطرہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمران نہ آئین، نہ کسی اصول اور نہ ہی کسی تہذیب کو مانتے ہیں۔ 18ویں ترمیم نے وفاق کو جوڑا اور این ایف سی ایوارڈ نے اس جڑ کو مضبوط کیا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ میں نے کوئی ذاتی جرم نہیں کیا تھا بلکہ بلوچستان سے معافی مانگی تھی۔ اختر مینگل سے بات کر رہے ہیں تو اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ پارلیمنٹ میں موجود ہیں۔ پیپلز پارٹی آج بھی بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔انہوں نے کہا کہ میں نے ٹڈی دل کی سال پہلے وارننگ دی تھی لیکن ان کوسمجھ ہی نہیں آئی تھی۔ ٹڈی دل سے کسان اور ملک کا نقصان کئی سال تک پورا نہیں ہو سکے گا۔ ہم گندم، چینی اور کپاس کو برآمد کر رہے تھے لیکن یہ درآمد کر رہے ہیں۔