اسلام آباد:نائب صدر مسلم لیگ ن مریم نواز نے اپنے ایک وضاحتی بیان میں کہا کہ میر ی کل کی پریس کانفرنس کو سیاق و سباق سے ہٹاکر پیش کیا گیا۔میرا اورچچا کا انتہائی ادب و احترام اور پیار محبت کا رشتہ ہے۔ شہباز شریف پارٹی کے صدر ہیں،ہرمعاملے پرانکواعتماد میں لینا میرے فرائض میں شامل ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ بیان کو جیسے پیش کیا گیا اس سے میری اورچچا کی دل آزاری ہوئی،معیشت مکمل طور پر تباہ ہو چکی ہے،کل پریس کانفرنس میں کہا عمران اورجعلی حکومت کی نالائقی نے معیشت کو مذاق بنادیا۔ شریف خاندان الحمدللہ مکمل طور پر متحد ہے، خاندان میں کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں ہے۔
مریم نواز کے مطابق، بجٹ تقریر میں شہباز شریف نے کہا کہ انہوں نے ستمبر 2018 میں میثاق جمہوریت کی پیشکش کی تھی لیکن ان کی میثاق معیشت کی پیشکش کو حقارت سے ٹھکرا دیا گیا،اس کے جواب میں اسپیکر نے کہا کہ ابھی بھی دیر نہیں ہوئی۔
مریم نواز نے خاندانی اختلاف سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے شریف خاندان متحد ہے اور ان شاءاللہ متحد ہی رہے گا۔مخالفین نے 30 سال سے دونوں بھائیوں کے درمیان تفرقہ ڈالنے کی کوشش کی لیکن ابھی تک مخالفین کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ۔