پاکستان رینجرز سندھ کی ناظم آباد کے علاقے میں کارروائی، کنویں میں چھپایا گیا اسلحہ برآمد

11:49 PM, 23 Jun, 2017

نیوویب ڈیسک

کراچی:  پاکستان رینجرز سندھ کی ناظم آباد کے علاقے میں کارروائی، کنویں میں چھپایا گیا اسلحہ برآمد کر لیا۔

جمعہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پاکستان رینجرز سندھ کو انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر اطلاع ملی کہ ناظم آباد نمبر 3 کے علاقے میں واقع ایک پرانے کنویں میں اسلحے اور ایمونیشن کا ذخیرہ موجود ہے جسے ایم کیو ایم لندن سے تعلق رکھنے والے کچھ شرپسند عناصر نے اعلیٰ قیادت کے حکم پر آپریشن شروع ہونے سے قبل چھپا دیا تھا اور بعد ازاں مٹی سے بھر دیا تھا۔

پاکستان رینجرز نے فوری کارروائی کرتے ہوئے کنویں کی دوبارہ کھدائی کرتے ہوئے چھپایا گیا خطرناک نوعیت کا اسلحہ اور ایمونیشن برآمد کر لیا۔ برآمد کئے گئے اسلحے اور ایمونیشن میں ایک عدد راکٹ لانچر، 4 عدد راکٹ، 4 عدد 7 ایم ایم رائفل اور 4 عدد سیکنڈری فیوز شامل ہیں۔

رینجرز اعلامیہ میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ دہشت گردی کی روک تھام میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کا ساتھ دیں اور دہشت گردی میں ملوث ایسے عناصر یا کسی بھی مشکوک سرگرمی کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی چیک پوسٹ یا رینجرز ہیلپ لائن 1101 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔

مزیدخبریں