جمیکا: بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی نے واضح کیا ہے کہ کہ ڈریسنگ روم میں ہونے والا معاملہ نجی ہے اور تمام اختلافات کے باوجود بطور کھلاڑی مستعفی ہونے والے کوچ انیل کمبلے کا احترام کرتے ہیں ڈریسنگ روم میں ہونے والے معاملے کو عوامی سطح پر نہیں اٹھا سکتا۔دورہ ویسٹ انڈیز کے دوران صحافیوں کے سوال کے جواب میں کوہلی نے کہا کہ ڈریسنگ روم میں جو ہوتا ہےوہ ایک نجی معاملہ ہے اس معاملے پر عوامی سطح پر بالکل بھی بات نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک کرکٹر کے طور پر سابق اسپنر کی عزت کرتے ہیں اور ان کے فیصلے کا بھی احترام کرتے ہیں۔
واضح رہے کہ ویرات کوہلی نے انیل کمبلے سے اختلافات کے بعد 12 ماہ قبل کوچ نامزد ہونے پر مبارکباد کی ٹویٹ ہٹا دی تھی بھارتی کرکٹ ٹیم کے کوچ انیل کمبلے کا ایک سالہ معاہدہ چیمپئنز ٹرافی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا تھا تاہم اس کے فورا بعد دورہ ویسٹ انڈیز کیلیے انہیں ہی بطور کوچ ٹیم کے ساتھ جانا تھا۔ویرات کوہلی کے ساتھ اختلافات کے بعد ایک اور معاملہ سامنے آیا اور چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان کے ہاتھوں ٹیم کی عبرتناک شکست کے بعد انیل کمبلے کی جانب سے ڈریسنگ روم میں ایک پلیئر کے ساتھ ہتک آمیز برتاو کرنے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں جس کے بعد بی سی سی آئی عہدیداروں نے بھی کمبلے کی حمایت سے ہاتھ کھینچ لیا اور انہیں مجبورا مستعفی ہونا پڑا تھا۔