مون سون کے موسم میں آنکھوں کی بیماریاں بڑھ جاتی ہیں، ڈاکٹر واجد علی خان

06:49 PM, 23 Jun, 2017

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: الشفاء ٹرسٹ آئی ہاسپٹل کے چیف آف میڈیکل سروسز ڈاکٹر واجد علی خان نے کہا ہے کہ مون سون کے موسم میں آنکھوں کی بیماریاں بڑھ جاتی ہیں جبکہ بچے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ آگہی کی کمی اور سہولیات کے فقدان کی وجہ سے بہت سے افراد بروقت طبی امداد حاصل نہیں کر پاتے جس سے انکی بینائی متاثر ہوتی ہے۔ اساتذہ اور والدین بچوں پر خصوصی نظر رکھیں اور کسی بھی شکایت یا علامت کو معمولی نہ سمجھیں۔

ڈاکٹر واجد علی خان نے کہا کہ مناسب بینائی بچوں کی نشو نما اور کسی بھی شخص کو معاشرے کا کارآمد شہری بنا کر رکھنے کیلئے ضروری ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس موسم میں بصارت کے بہت سے مسائل کو عام آدمی اس وقت محسوس کرتا ہے جب دیر ہو چکی ہوتی ہے اس لئے ماہر ڈاکٹروں سے معائنہ کروانا ضروری ہے۔

انھوں نے کہا کہ ہر نوزائیدہ بچے کی آنکھوں کا معائنہ ضروری ہے تاکہ کسی بھی مسئلے کی صورت میں جلد علاج کیا جا سکے۔ انھوں نے کہا کہ الشفاٹرسٹ نہ صرف پاکستان میں ڈاکٹروں کو بین الاقوامی معیار کی تربیت فراہم کر رہی ہے بلکہ افغانستان، مصر، بنگلہ دیش اور دیگر ممالک کے ڈاکٹروں اور طبی عملہ کو تربیت دی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوششوں کی وجہ سے ملک کے ہر ضلع میں الشفاء کا تربیت یافتہ ڈاکٹر موجود ہے۔

مزیدخبریں