سنجے بھنسالی کا پریانکا چوپڑا کے ساتھ فلم گستاخیاں بنانے کا فیصلہ

05:54 PM, 23 Jun, 2017

ممبئی: بالی وڈ فلمساز سنجے لیلا بھنسالی نے پریانکا چوپڑا کے ساتھ فلم گستاخیاں بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھنسالی پدماوتی کے بعد پریانکا چوپڑا اور عرفان خان کو لے کر امریتا پریتم اور ساحر لدھیانوی کی کہانی کو پردہ سکرین پر لانے کی تیاری میں ہیں لیکن پریانکا ابھی بھنسالی کو وقت نہیں دے پا رہی ہیں۔

وہ ان دنوں ہالی وڈ کی 2 فلموں اور ٹی وی سیریز کوانٹیکو میں مصروف ہیں۔ ایسے میں بھنسالی کو اپنی فلم کی تاریخ آگے بڑھانی پڑ رہی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق پریانکا کو فلم کا سکرپٹ بہت پسند آیا ہے اور وہ اس فلم کو اپنے ہاتھ سے جانے نہیں دینا چاہتیں۔ بھنسالی کا خیال ہے کہ فلم میں پریانکا امریتا پریتم کے کردار خوب نبھائیںگی۔

یاد رہے پریانکا چوپڑا 18 جولائی 1982 کو جمشید پور، بہار میں پیدا ہوئیں۔ سابق مس ورلڈ اور بھارتی اداکارہ کی شہرت اب بالی وڈ سے نکل امریکہ سمیت پوری دنیا تک پہنچ چکی ہے۔ 2015 میں بالی ووڈ فلم باجی راﺅ مستانی میں شاندار پرفارمنس سے بڑھ کر انہیں امریکی ٹی وی شو کوانٹیکو(Quantico)  سے عالمگیر پہچان ملی ہے۔

ایک بھارتی اداکارہ کی حیثیت سے امریکی ٹی وی سیریز میں مرکزی کردار ادا کرنا ان کے لئے ایک منفرد اعزاز ہے۔ امریکہ کے اہم شہروں میں بل بورڈز پر پریانکا چوپڑا کی تصاویر آویزاں نظر آتی ہیں۔

پریانکا کو حال ہی میں اس ڈرامے کے لئے پیپلز چوائس ایوارڈ کے لئے بھی نامزد کیا گیا ہے۔ 2015 میں انہیں ایک امریکی اخبار نے ٹوئٹر پر بھارت کی مقبول ترین شخصیت قرار دیاتھا۔ پریانکا 2014 سے معروف میگزین ایلے(Elle)  کے لئے ہر ماہ باقاعدہ کالم بھی لکھتی ہیں۔ ایک برطانوی میگزین ایسٹرن آئی کی جانب سے گذشتہ دس برسوں میں چار مرتبہ انہیں ایشیاء کی پرکشش ترین خاتون قرار دیا جا چکا ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں