ٹی ٹی پی کی سرکاری سکولوں پر حملوں کی حکمت عملی پر عمل درآمد شروع

 ٹی ٹی پی کی سرکاری سکولوں پر حملوں کی حکمت عملی پر عمل درآمد شروع

اسلام آباد:ٹی ٹی پی  نے سرکاری سکولوں پر حملوں کی حکمت عملی پر عمل درآمد شروع کردیا ہے۔ 


رپورٹ کے مطابق    22 جولائی کوٹی ٹی پی خوارج نے میرعلی کے گورنمنٹ گرلز ماڈل سکول کی عمارت کو تباہ کیا۔ ٹانک میں 26 سال سے ٹیچنگ کے فرائض سرانجام دینے والے میرا جان کو شہید کر دیا گیا۔سینئر ٹیچر میرا جان 25 سال سے درس وتدریس کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔

سکیورٹی ذرائع کاکہنا ہےکہ  خوارج کی جانب سے سکولوں اور سرکاری عمارتوں کو نشانہ بنانا اور ٹیچرز کی ٹارگٹ کلنگ ظاہر کرتی ہے کہ خارجی نور ولی محسود کی حالیہ خفیہ کال پر عمل درآمد شروع ہو چکا ہے۔رپورٹ کے مطابق  حالیہ ڈی آئی خان کے علاقے کری شموزئی میں خوارج کی جانب سے دیہی ہیلتھ سنٹر پر حملہ کر کے معصوم مرد و خواتین اور بچوں کو شہید کرنا بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔

ذرائع  کاکہنا ہےکہ بدامنی پھیلانے کے اس منصوبے میں وہ تمام عناصربھی ذمہ دار ہیں جو آپریشن عزم استحکام کیخلاف ہیں۔ صوبائی حکومت امن و عامہ کی ذمہ دار ہوتی ہے لہذا یہ خیبر پختونخوا حکومت کی زمہ داری ہے کہ سرکاری املاک خصوصاً سکولوں کی حفاظت کرے۔خارجی نور ولی محسود افغان طالبان کے زیر سایہ اپنے مکروہ منصوبوں پر عمل پیرا ہے، اس حملے کے زمہ داروں کو فوری طور پر قانونی شکنجے میں لایا جائے گا۔

مصنف کے بارے میں