لاہور کے مختلف علاقوں میں بارش برس پڑی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا، آسمان پر بادل چھائے سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، ہوا چلنے سے حبس بھی ختم ہو گیا۔ ساتھ ہی ساتھ محکمہ موسمیات نے آج لاہور میں دن بھر مطلع ابر آلود رہنے کی پیش گوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج اسلام آباد سمیت بالائی پنجاب ، خیبرپختونخوا، سندھ میں بارش کا امکان ہے تاہم ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور شدید حبس رہے گا۔
گجرات میں موسلا دھار بارشْ، بارش کا پانی گھروں میں داخل ہونے لگا۔حافظ آباد اور گرد و نواح میں بارش کے باعث متعدد فیڈر ٹرپ ہونے سے مختلف علاقوں میں بجلی بند ہو گئی۔
نشیبی علاقے زیر آب آ گئے، خانقاہ ڈوگراں ،منڈی بہاؤالدین میں بھی تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جس سے ٹریفک روانی متاثر ہوئی۔موسلا دھار بارشوں سے اگلے تین دنوں میں نارووال اور سیالکوٹ میں سیلاب کا خطرہ ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق چھ انچ کا سیلابی پانی پیدل افراد کیلئے نقصان دہ بن سکتا ہے ۔محض ایک فٹ سیلابی پانی کا ریلہ گاڑی کو بہا سکتا ہے،پل خطرناک ہو سکتے ہیں۔