پشاور: پشاور میں وزیراعلیٰ ہاؤس میں بنوں واقعہ پر جرگہ ختم ہو گیا، وزیراعلی نے 48 گھنٹے کے اندر صوبائی ایپکس کمیٹی میٹنگ بلانے کا عندیہ دیدیا، اجلاس میں جرگہ کے تمام مطالبات کمیٹی ممبرز کے سامنے رکھے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے بنو ں جرگہ کی ملاقات ہوئی جرگہ نے دھرنا ختم کرنے سے انکار کر دیا اور کہا کہ علاقہ میں امن و امان، پولیس کی استعداد بڑھانے اور عزم استحکام آپریشن نہ کرنے کی یقین دھانی تک دھرنا جاری رہے گا۔ وزیراعلی نے مطالبات کو عملی شکل دینے کیلئے اپیکس کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔
مطالبات میں آپریشن عزم استحکام کی مخالفت، مسلح گروپوں کا خاتمہ، پولیس کو با اختیار بنانے اور رات کو گشت کرنے کا مطالبہ شامل ہے۔سرچ آپریشن یا دہشت گردوں کے خلاف کارروائی سیکیورٹی فورسز کے بجائے سی ٹی ڈی سے کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔مطالبات میں لاپتا افراد کو عدالتوں کے سامنے پیش کرنا بھی شامل ہے۔
جرگے کے اراکین نے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ اپیکس کمیٹی اجلاس تک علامتی دھرنا بدستور جاری رکھا جائے گا۔
اس حوالے سے بیرسٹر ڈاکٹرسیف کا کہنا تھا کہ وزیر اعلی نے امن کمیٹی ممبران کیساتھ گھل مل کر بنوں کی صورتحال اور دہشتگردی پر بات چیت کی۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ صوبائی اپیکس کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو بلایا جائے گا، اپیکس کمیٹی میں دہشتگردی سے متعلق تمام امور پر بات ہوگی، اپیکس کمیٹی اجلاس میں صوبے میں امن و امان کی بحالی کے لیے پالیسی بنائی جائے گی۔ امن کمیٹی کے تمام ممبران نے وزیر اعلی پر اعتماد کا اظہار کیا اور بنوں کے دورے کی دعوت دی، کمیٹی ممبران کی دعوت پر وزیراعلی بروز جمعہ بنوں کا دورہ کریں گے۔