اسلام آباد: ملک بھر میں آج بھی موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ متعدد اضلاع میں موسلادھار بارشوں سے نشیبی علاقے زیر آب آنے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔
کراچی، لاہور، فیصل آباد، ملتان، اسلام آباد، پشاور، گلگت بلتستان اور کشمیر سمیت ملک بھر میں آج پھر تیز بارشوں کا امکان ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش جاری ہے، مر ی اور گردو نواح میں بارش کاسلسلہ وقفے وقفےسے جاری ہے، شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش جاری ہے۔
کراچی میں رات گئے سہراب گوٹھ، سپرہائی وے، راشد منہاس روڈ اور اسکیم 33 سمیت مختلف علاقوں میں تیز بارش ہوئی، صدر، آئی آئی چندریگر روڈ، ڈیفنس اور کلفٹن میں بھی ہلکی بارش ہوئی، شہر میں آج اور کل کہیں کہیں موسلادھار بارش متوقع ہے جس سے اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں شدید بارشیں جاری ہیں۔ ضلع واشک کے علاقے پتک میں ندی نالوں میں طغیانی آ گئی جبکہ برساتی پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہو گیا۔ جھل مگسی کی یونین کونسل باریجہ بھی بارش سے بڑے پیمانے پر متاثرپنجرہ پل کے علاقے میں سڑک تباہ ہو گئی۔ کوئٹہ سبی شاہراہ پر ٹریفک معطل ہو گئی۔ کشاری نالہ میں نچلے درجے کا سیلاب آ گیا۔متاثرہ آبادی محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ سوئی ڈیرہ بگٹی سڑک بند۔جیکب آباد اور گردونواح میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
این ڈی ایم اے نے خبردار کردیا کہ مون سون بارشوں سے اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ 26 جولائی تک طوفانی بارشوں کی پیش گوئی ہے۔ مری ،کشمیر،گلگت بلتستان اور خیبر پختو نخواکے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔
پنجاب میں طوفانی بارشوں سےچھتیں گرنے سمیت مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔