مسلم لیگ ن کا سپریم کورٹ کے 3 رکنی بنچ کا فیصلہ نہ ماننے کا اعلان 

10:51 PM, 23 Jul, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور : وزیر داخلہ پنجاب عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے تین رکنی بنچ کا فیصلہ نہیں مانیں گے ۔ فیصلہ صرف فل کورٹ کا مانیں گے۔ اب یہ نہیں چلے گا کہ ہمارے لیے اور قانون ہے اور لاڈلے کیلئے اور قانون ہے۔ 

لاہور کے لبرٹی چوک پر حمزہ شہباز اظہار یکجہتی ریلی سے خطاب کرتے عطاء تارڑ نے کہا کہ آپ  نے اس ملک میں انصاف کا دہرا معیار بھی  دیکھا ہے۔ ہمارے 25 ارکان کو ڈی سیٹ کرنا تھا تو کوئی اور فیصلہ دے دیا اب جب ہمیں 10 ارکان کو فائدہ ہوا ہے تو اپنے ہی فیصلے کے خلاف جا رہے ہیں۔ 

عطاء تارڑ نے کہا کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال، جسٹس اعجاز الاحسن  اور جسٹس منیب اختر کا فیصلہ نہیں مانیں گے۔ عمران خان کو اپنی مرضی کے فیصلے کروانے کی عادت پڑگئی ہے۔ ہماری پوری قیادت جیل میں گئی لیکن کوئی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی۔ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ سے متعلق فل کورٹ کو سماعت  کرنی چاہئے

انہوں نے کہا کہ عمران خان سے توشہ خانہ اور فرح خان  کی کرپشن کا  حساب لیں گے۔ عمران خان کی کچھ مجبوریاں ہیں،یہ جیل نہیں جا سکتا۔ موقع ملا تو عمران خان کو جیل کی سلاخوں کے پیچھے بھیج کر دم لیں گے۔ 

عطاء تارڑ نے کہا کہ عمران خان دونوں ہاتھوں سے پاکستان کو لوٹتے رہے۔ فرح خان ملک سے باہر بھاگ گئی ہے۔ ایک دن بھی حمزہ شہباز کو چین  سے وزارت اعلیٰ کے منصب پر  رہنے نہیں دیا۔ 

مزیدخبریں